WELCOME TO KHAAMAH ADABI FORUM خامہ ادبی فورم میں آپ کا استقبال ہے

رسوا کریگی کتنا اے غربت جگہ جگہ

مسیح الدین نذیریؔ، ممبرا

red blue and black abstract painting

رسوا کریگی کتنا اے غربت جگہ جگہ

برسات میں ٹپکنے لگی چھت جگہ جگہ

گھر میں کوئی کسی کا نہیں کرتا احترام

اور ڈھونڈھتے ہیں شہر میں عزت جگہ جگہ

وہ حال ہوگیا ہے ترے روٹھنے کے بعد

خود اپنی کر رہاہوں شکایت جگہ جگہ

آنکھیں اٹھا کے دیکھ ملے گی لکھی ہوئی

بابِ وفا میں میری حکایت جگہ جگہ

دشمن وطن کے حُبِّ وطن کے لباس میں

پھیلا رہے ہیں ملک میں نفرت جگہ جگہ

ہم بھی تھے باوقار اٹھاؤ ذرا نظر

بکھری پڑی ہے اپنی وراثت جگہ جگہ

ڈوبے ہوئے ہیں شیخ اسی کام میں مگر

کرتے ہیں وعظ شہر میں حضرت جگہ جگہ

نقشہ اٹھا کے دیکھ لو ہندوستان کا

بکھرا ہے میرا خونِ شہادت جگہ جگہ

سمجھے گا کون درد نذیریؔ حیات کا

یوں داستانِ درد سنا مت جگہ جگہ